پاکستان بھر میں آج یوم فلسطین منایا جائے گا
شیعہ نیوز:ملک بھر میں آج یوم فلسطین منایا جائے گا، فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج اور مظاہرے کئے جائیں گے ۔
اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر احتجاجی مارچ کی سربراہی کریں گے۔
اقوام متحدہ کے نمائندے کو قومی اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد پیش کی جائے گی۔ قرارداد میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے، جارحیت رکوانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔
گزشتہ روز بھی مختلف شہروں میں ریلیاں اور احتجاج کیا گیا۔ کراچی میں ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک سول سوسائٹی کی ریلی میں مزدور، ٹریڈ یونیز کے رہنما اور کارکن شریک ہوئے۔
دوسری جانب امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن نے بھی کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ادھر پنڈی، حیدرآباد، سکھر، ٹنڈوالہ یار اور سرگودھا میں بھی شہری اسرائیل کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔