کورونا کے حوالے سے سیاست نا قابل قبول ہے، علامہ سید رضی جعفر
شیعہ نیوز:جعفر یہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد پر پوری قوم میں تشویش پائی جاتی ہے اس مشکل وقت میں تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کو مل کر اس وبائی بیماری کو شکست دینی ہوگی ، جو جماعتیں اس وباء پر سیاست کر رہی ہیں یہ عمل ناقابل قبول ہے ۔کورونا وائرس ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے اسے سیاسی اور مذہبی منافرت سے دور رکھا جائے ۔ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ جب سے یہ وبائی مرض ملک میں داخل ہوا ہے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا فیس ماسک تک ڈبل قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے حکومت کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کیلئے وفاقی اور صو بائی حکومت کے ا قدامات قابل تعریف ہیں ۔ اس ضمن میں انتظامات کو عبادت سمجھ کر انجام دیا جائے اور عوام مذہب کو آفت کے مقابلے میں طاقت بنائیں۔