
یوم انہدام جنت البقیع، ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منا یا گیا
ریلی کے شرکاء لبیک یا زہراؑ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دختر رسول سمیت دیگر آئمہ اطہار کے مزارات تعمیر کروائے
شیعہ نیوز : ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی یوم انہدام جنت البقیع عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ لاہور میں کربلا گامے شاہ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، تحریک حسینیہ پاکستان سمیت دیگر جماعتوں کے شیعہ سنی قائدین نے شرکت کی اور آل سعود کے اس اندوہناک اقدام کی بھرپور انداز میں مذمت کی۔
ریلی کی قیادت علامہ سید حسن رضا ہمدانی، علامہ سید صبیح حیدر شیرازی،علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، شاہ حسین قزلباش، علامہ ظہیرالحسن کربلائی، قاسم علی قاسمی، علامہ سجاد حسین جوادی، مولانا سید عسکری مشہدی، علامہ سید وقارالحسنین نقوی، سید نوبہار شاہ،علامہ دلدار حیدر جعفری، علامہ سید حسن عسکری نقوی، علامہ عرفان علی حسینی،سید تاثیر رضا نقوی، سید ابوالحسن شیرازی، سید ابرار گیلانی،سید انصار حسین شیرازی، پیر ایس اے جعفری، علامہ حسین مصور، محمد محتشم رضا، قاضی علی حسین طاہر، ڈاکٹر سلمان رضا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت پاکستان سعودی حکومت سے جنت البقیع کی جلد تعمیر نو کا مطالبہ کرے، جعفریہ الائنس حیدرآباد
ریلی کے شرکاء لبیک یا زہراؑ کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دختر رسول سمیت دیگر آئمہ اطہار کے مزارات تعمیر کروائے، اگر سعودی حکومت ایسا نہیں کرتی تو پھر ہمیں اجازت دے کہ ہم سیدہ زہرا سلام اللہ علیہا سمیت دیگر آئمہ اطہار کے مزارات تعمیر کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ دختر رسولؑ کے قبر اطہر ایک ویرانے میں ہے، جبکہ آل سعود کے محلات روشنیوں میں نہائے ہوئے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سعودی حکومت کو اس حوالے سے واضح پالیسی دینا ہوگی۔
مقررین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ سعودی حکومت سے اس حوالے سے بات کرے اور مزار سیدہؑ کی تعمیر کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ریلی کے شرکاء نے فلسطین و غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی بھی مذمت کی اور اسرائیل سے فوری حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ رہنماوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر امت مسلمہ کی خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔