سماء نیوز کی ڈی ایس این جی پر دہشتگردوں کا حملہ، اسسٹنٹ کیمرہ مین جاں بحق جبکہ1 زخمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی: نارتھ ناظم آباد کے علاقے کے ڈی اے چورنگی کے قریب نجی ٹیلی ویژن کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے کے ڈی اے چورنگی کے قریب دہشتگردوں نے سماء ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسسٹنٹ کیمرہ مین تیمور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ڈی ایس این جی آپریٹر کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد میڈیا کی گاڑی کو نشانہ بنا کر فرار ہوئے۔ ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی کہ گاڑی میں 2 افراد شامل تھے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ اسپتال منتقل کیے جانے والے دو افراد میں سے اسسٹنٹ کیمرہ مین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
قبل ازیں نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب کھڑی پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کریکر پھینک کر فراد ہوئے جو خوش قسمتی سے پھٹ نہ سکا، آئی جی سندھ نے پولیس موبائل پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔