کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں، لشکر جھنگوی کے دہشتگرد سمیت 10 ملزمان گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) رینجرز سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جیکسن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے کالعدم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد قاری محمد ذوالفقار، ایم کیو ایم (لندن) سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان سید محمد جاوید عرف ٹارزن اور عدنان بشیر عرف پکوڑی عرف منجن کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، ایم کیو ایم لندن کی لیڈر شپ سے بذریعہ واٹس ایپ رابطے، سوشل میڈیا پر ملک دشمن مواد پھیلانے اور پاکستان آرمی کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایک اور کارروائی میں رینجرز نے سعودآباد کے علاقے سے 4 ملزمان سلیمان علی عرف کاکو، محمد بلال، محمد کاشف اور شاہد عرف شکاری کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان ڈکیتی، موبائل فون چھیننے سمیت اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ایک دوسری کارروائی میں رینجرز نے سعود آباد، گلبہار اور جیکسن کے علاقوں سے 3 ملزمان عبدل، ذیشان اور محمد کریم کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان علاقے میں جوئے کا اڈا چلانے اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کی گئیں۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔