طالبان نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے 11 ارکان کو بھتے کی پرچیاں بھیج دیں
شیعہ نیوز (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے گیارہ ارکان کو کالعدم تحریک طالبان نے بھتے کی پرچیاں بھیج دیں۔ ہر رکن سے پانچ سے پچیس لاکھ روپے سے بھتہ مانگا گیا ہے۔ دہشت گرد تشدد کے ذریعے اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مسلسل ملنے والی دھمکیوں کے متعلق وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔ کراچی میں بھتہ خوری کی وبا سے کوئی محفوظ نہیں ۔ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے گیارہ ارکان کو بھی بھتہ کی پرچیاں موصول ہو گئیں۔ طالبان کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے ہر رکن سے 5 سے 25 لاکھ روپے بھتہ مانگا گیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کے جن ارکان کو بھتہ کی پرچیاں بھیجی گئی ہیں ان میں خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی، بابر غوری، نسرین جلیل، رشید گوڈیل بھی شامل ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کو سیاسی سرگرمیاں بند کرنے اور نظریات کے پرچار سے روکا گیا ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا دھمکیاں ملے ایک ماہ گزر گیا لیکن کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ نائن زیرو پر حملے کی دھمکی سے بھی اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔ ہمارے لیے کیے گئے سیکورٹی انتظامات قطعی غیر تسلی بخش ہیں۔ دہشتگردی کے واقعے کے بعدعوامی ردعمل کے ذمہ دارہم نہیں ہوں گے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ طالبان کے خلاف پرچار سے باز رہنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ دہشت گرد تشدد کے ذریعے اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ کالعدم تنظیم نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بھتے کی عدم ادائیگی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔ بابر غوری نے کہا لندن میں الطاف بھائی کو طالبان کیخلاف بولنے سے روکنے کیلئے کہا گیا ہے اور اس حوالے سے لندن پولیس کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔