ملتان قرنطینہ سے1160 صحت مند زائرین اپنے گھروں کو روانہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملتان قرنطینہ سینٹر میں گزشتہ پندرہ روز سے موجود 1260 افراد میں سے 1160 افراد کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر اپنے اپنے اضلاع روانہ کردیا گیا، صوبائی وزیر توانائی پنجاب اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے قافلوں کو روانہ کیا۔
اس سے قبل قرنطینہ میں موجود افراد نے چودہ روز گزارنے کے بعد بھی گھروں کو روانہ نہ کرنے کے خلاف مرکزی دروازے پر دھرنا دیا اور علامتی بھوک ہرتال بھی کی، جس کے بعد انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد اس شرط پر ان زائرین کو روانہ کیا گیا کہ روانگی سے پہلے تمام زائرین دوبارہ اپنے خون کا ٹیسٹ کرائیں گے جس کے بعد انہیں متعلقہ اضلاع بھیجا جائے گا۔
ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک یہ افراد اپنے اپنے اضلاع کے قرنطینہ میں رہیں گے ، جن افراد کی رپورٹ نیگیٹو آئے گی اُنہیں گھروں کے لیے روانہ کردیا جائے گا جبکہ جن افراد کی رپورٹ مثبت آئے گی انہیں مزید چودہ دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
آخری اطلاعات کے مطابق تمام افراد کو اپنے اپنے اضلاع کے لیے روانہ کردیا گیا ہے جبکہ اس وقت ملتان کے قرنطینہ میں صرف 92 افراد موجود ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔