مزید 2 دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا گیا
شیعہ نیوز (کراچی) پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث مزید ۲ دہشت گردوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا گیا ہے۔ سینٹرل جیل کراچی میں مجرم سعید اعوان کو پھانسی پر لٹکایا گیا جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ مجرم نے اپریل 2001ء میں ریٹائرڈ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ صابر حسین شاہ اور ان کے بیٹے عابد حسین کو ملیر میں شہید کیا تھا۔ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں بھی ایک دہشت گرد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ ملتان کے رہائشی زاہد حسین عرف زاہدو نے ساتھیوں کے ہمراہ اگست 2000ء میں ملتان کے علاقے سیتل ماڑی میں اے ایس آئی غلام رسول اور کانسٹیبل ارشد کو قتل کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم کو 40 سال قید اور جرمانے کے علاوہ ۲ مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔ پھانسی سے پہلے مجرموں سے ان کے رشتہ داروں کی آخری ملاقاتیں کرائی گئی تھیں جب کہ پھانسی کے وقت جیل کے اطراف سکیورٹی کے انتہائی سخت انتطامات کیے گئے تھے۔