شہباز شریف پر حملے کا منصوبہ ناکام، ماڈل ٹاؤن سے 2 دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 2 دہشت گرد ماڈل ٹاؤن کے ایچ بلاک سے گرفتار کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے قریب سے 2 دہشت گردوں علی ملک اور طالب کو گرفتار کر لیا ہے۔ پکڑے جانیوالے دہشت گردوں سے بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمان وزیراعلیٰ کی آمد و رفت کو مانیٹر کر رہے تھے اور کانوائے پر حملے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔ حساس ادارے نے پکڑے جانے والے دونوں دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد ماڈل ٹاؤن اور اطراف میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔ ادھر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ جو وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ بھی ہے کے اردگرد سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔