لاہور، 2 ستمبر کو تاریخی دھرنا ہو گا جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا،علامہ اعجاز بہشتی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) حکمرانوں کی بے حسی اور مطالبات پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب ہم احتجاج پر مجبور ہیں، پنجاب کے حکمران عوامی ایشوز کو ایڈریس کرنے سے زیادہ میٹرو میٹرو کھیلنے میں مصروف ہیں، کیونکہ ان کا مقصد عوامی خدمت نہیں اپنے مفادات کا حصول ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے جامع مسجد قصر بتول شادمان لاہور میں 2 ستمبر وزیراعلیٰ ہاوس دھرنا کے سلسلے میں آگاہی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ اعجاز بہشتی کا کہنا تھا کہ لاہور کو پیرس بنانے کے دعویداروں کی قلعی دو دن کی بارش نے کھول دی ہے۔ انہوں نے کہا ہم ہر صورت 2 ستمبر کو دھرنا دینگے اور مطالبات پر عملدرآمد تک یہ دھرنا جاری رہیگا، پنجاب میں ہمارے خلاف منظم منصوبہ بندی کیساتھ کارروائیاں جاری ہیں، نیشنل ایکشن پلان پنجاب میں آلِ شریف کے مخالفین پر لاگو ہیں، تکفیری دہشتگرد اور ان کے سہولت کار اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے ہر سیاستدان کیخلاف کارروائی حکومت اور ریاستی اداروں پر فرض ہے، پاکستان ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا اور اس کے دشمن رسوا ہو کر رہیں گے۔