پاکستانی شیعہ خبریں

راولپنڈی، ماتمی جلوس میں دھماکہ، 20 عزادار شہید، 46 زخمی

pindi blastراولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں امام بارگاہ کے قریب بم دھماکے میں 20 عزادار شہید اور 45 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں میں قصر شبیر امام بارگاہ کے قریب محرم الحرام کا ماتمی جلوس نکل رہا تھا جس میں ہزاروں افراد شریک تھے کہ عین اسی وقت دھماکہ ہو گیا۔ دھماکے کے بعد ماتمی جلوس میں بھگدڑ مچ گئی۔ عینی شاہد صابر شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکہ قصر شبیر امام بارگاہ کے قریب ہوا، جب ماتمی جلوس میں شریک افراد غم حسین (ع) منا رہے تھے، عزادار قصر ابوطالب سے مجلس میں شرکت کے بعد امام بارگاہ قصر شبیر پہنچے تو دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں رات گئے کی اطلاعات کے مطابق 20 مومنین شہید ہو چکے تھے جبکہ 45 سے زائد زخمی ہیں۔

دھماکے کے بعد لوگوں کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ دھماکے کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں پہنچانا شروع کردیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ میڈیا کے مطابق دھماکے میں کئی پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی نقش بر آب ثابت ہوئے۔ بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ اور امدادی ٹیموں کے کارکن جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ دھماکے کے بعد علاقہ کی بجلی منقطع ہو گئی جبکہ گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ دھماکے کی شدت کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ مزید نفری بھِی طلب کرلی گئی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش ہو سکتا ہے۔ امام بارگاہ سے نکالا جانے والا جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے رہنماء قمر زیدی کا کہنا ہے کہ جلوس کسی صورت معطل نہیں کیے جائیں گے، حکومت شہریوں کو امن فراہم کرنے مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ملک کو فوج کے حوالے کیا جائے ورنہ عاشور کا روز خونی ثابت ہوسکتا ہے۔ جبکہ دیگر ذرائع کے مطابق دھماکہ کے بعد جائے وقوعہ سے ایک دستی بم بھی برآمد ہوا، پولیس حکام کے مطابق دھماکہ خودکش تھا، اور حملہ آور کا سر اور ہاتھ مل گیا ہے، ڈی سی او ثاقب ظفر نے میڈیا کیساتھ بات چیت میں تصدیق کی کہ دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے جبکہ 46 افراد زخمی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button