پاکستانی شیعہ خبریں

ایران کیخلاف سعودی سفیر کے قتل کی سازش کا الزام انتہائی قابل مذمت اور امریکی ناکامیوں کا اعتراف ہے، ناصر عباس جعفری

shiitenews news raja nasir abbas مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امریکہ اسلامی جمہوری ایران پر سعودی و اسرائیلی سفیروں کے قتل کی سازش کا الزام لگا کر کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اپنی ناکامیوں کا اعتراف کر رہا ہے، ایران کی مدبر اور بابصیرت قیادت ان الزامات کو بے بنیاد ثابت کر کے یہ نیا امریکی حربہ بھی ناکام بنا دے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کی میڈیا ٹیم سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے منفی طرز عمل اور مذموم پالیسیوں کے سبب پوری دنیا میں رسوا ہو چکا ہے اور ہر علاقہ میں فوجی اور سیاسی حوالے سے اسے شکست کا سامنا ہے، اس کی تمام سازشیں اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکی ہیں، اب اقوام عالم پوری طرح بیدار ہیں، اس کی سازشوں سے پوری طرح باخبر ہیں اور سمجھتی ہیں کہ شیطان بزرگ امریکہ ہی ہے، اس نے جس طرح مصر، تیونس، عراق اور بحرین میں عبرتناک شکست کھائی، اسی طرح بہت جلد دیگر ممالک میں بھی اسے اپنے عزائم کی تکمیل میں ناکامی ہو گی اور پوری دنیا اس کی بربادی کا منظر دیکھے گی۔
 علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس وقت امریکہ کے اندر سرمایہ دارانہ نظام دم توڑ رہا ہے اور اس نظام کے خلاف امریکہ کے اندر سے اٹھنے والی احتجاج کی لہر اس کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امریکہ کی جانب سے جمہوری اسلای ایران پر لگائے جانے والے الزامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک ڈوبتے ہوئے ٹائی ٹینک کی جانب سے آزمائے جانے والے ایسے حربوں سے خبردار رہیں اور اسلامی ممالک میں جاری اسلامی بیداری کی تحریکوں کو ان حربوں سے متاثر نہ ہونے دیں، امریکہ انتہائی شاطر اور مکار ہے، وہ جس طرح افغانستان میں اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے، اسی طرح دیگر اسلامی ممالک کو بھی بے بنیاد الزامات کی زد میں لینے کی کوشش کرے گا، اس لیے جہان اسلام کو چاہیے کہ خبردار رہے اور ہوش مندی سے کام لے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کی رائے عامہ کا احترام نہ کرنے اور اسرائیل کی بے جا ناز برداریوں نے امریکہ کو اس نہج پر پہنچا دیا کہ وائٹ ہائوس کے اندر بیٹھے ہوئے افراد بھی مایوس نظر آتے ہیں اور وہ دنیا کے سامنے تمسخر اور تحقیر کی علامت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پہلے افغانستان میں اپنی شکست کے حوالے سے پاکستان پر دبائو ڈالا اور اور اب ایران کو جھوٹے الزامات کی زد میں لے کر اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کر رہا ہے۔ انشاءاللہ ایران کی بیدار مغز قیادت اس امریکی پروپیگنڈے کو بھی ناکام بنا دے گی۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جہان اسلام امریکی عنکبوت کے جال سے باہر نکل کے حقیقی آزادی حاصل کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button