ممکنہ خودکش حملہ، قبائلی جرگہ نے ذمہ داری سیکورٹی اداروں پر عائد کردی
کرم ایجنسی(نمائندہ خصوصی)۔ ممکنہ خودکش حملہ، قبائلی جرگہ نے ذمہ داری سیکورٹی اداروں پر عائد کردی۔ کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں گزشتہ دو دنوں سے سیکورٹی فورسز اور پولٹیکل انتظامیہ نے ایک بار پھر ممکنہ خودکش حملے کی اطلاع دے کر عوام میں خوف وحراس کی کیفیت پیدا کردی ہے۔ جب کہ دوسری طرف سیکورٹی فورسز نے شہر بھر میں ایمرجنسی جیسی صورتحال نافذ کردی ہے۔ اس حوالے سے طوری بنگش قبائلی عمائدین کا اجلاس شہدا پارک کے سبزہ زار میں منعقد ہوا جس میں سینکڑوں عمائدین نے شرکت کی۔ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ خود کش حملے کی آڑ میں ڈرامہ بازی بند کردی جائے، انہوں نے کہا کہ تین ماہ پہلے بھی سترہ فروری مبینہ خودکش حملے سے ایک دن پہلے اسی طرح کی کیفیت پیدا کی گئی اور صرف ایک روز بعد دھماکے سے درجنوں بے گناہ افراد کا خون بہایا گیا اور سینکڑوں زخمی آج بھی تڑپ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سترہ فروری مبینی خودکش حملے کے عینی شاہدین اور کرمی بازار کے چوکیدا جس کو بعد میں نامعلوم افراد نے قتل کیا ، کے بیانات کے مطابق جائے حادثہ پر دھماکے سے ایک گھنٹہ پہلے صرف سیکورٹی فورسز و ایف سی کے افراد آئے تھے اور ایک گھنٹہ بعد حملہ ہونا خدشات کو جنم دیتا ہے۔ جرگہ نے سوال اٹھایا کہ سال 2008 سے 2011 تک تین سال تک پاراچنار شہر کی سیکورٹی طوری بنگش رضا کاروں کے ہاتھ میں تھی تو نہ ہی کوئی خودکش حملہ ہوا اور نہ ہی دہشت گردی کا کوئی واقعہ لیکن 2012 سے جب پاراچنار شہر کا نظم و نسک سیکورٹی فورسز نے سنبھالا ہے ایسے میں فروری کے مہینے میں ایک مبینہ خودکش حملہ اور اب تین ماہ بعد ایک اور حملے کی پیشگی اطلاع ان واقعات کی کڑیاں قبائلی عوام میں ملک کا اسی فیصد بجٹ سیکورٹی کے نام پر خرچ کرنے والے اداروں کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کر رہی ہیں اسلئے قبائلی جرگہ متعلقہ اداروں کو تنبیہ کرتا ہے کہ اگر اس بار ممکنہ خودکش حملے کی آڑ میں خون کی ہولی کھیلی گئی تو پھر عوامی ردعمل اور حالات کی تمام تر ذمہ دار حکومت پر ہوگی۔
جرگہ نے ایک متفقہ قرارداد کے زریعے پاراچنار شہر اور مضافات سے سیکورتی فورسز آرمی و ایف سی کو ہٹا کر طالبان کے زیرانتظام لوئر کرم میں ٹل پاراچنار روڈ کی حفاظت پر مامور کرنے اور پاراچنار شہر میں مثالی امن ہونے کی وجہ سے شہر کی سیکورٹی لیوی فورس کے حوالے کرنے کا مطالبہ اور فروری مبینہ خودکش حملے اور عوام کو ٹینکوں سے کچلنے والے ایف سی اہلکاروں کا کورٹ مارشل کرنے کا مطالبہ کیا۔