کالعدم گروہ کے سرغنہ کی سرپرستی، قبائل نے ممکنہ خونریزی کی ذمہ داری پی اے اور کمانڈنٹ ایف سی پر ڈال دی۔
کرم ایجنسی( نمائندہ خصوصی)۔ کالعدم گروہ کے سرغنہ کی سرپرستی، قبائل نے ممکنہ خونریزی کی ذمہ داری پی اے اور کمانڈنٹ ایف سی پر ڈال دی۔ کرم ایجنسی کے چھ قبائل کے سرداروں اور مشران کا ایک اہم جرگہ مقامی حجرے میں منعقد ہوا جس میں سینکڑوں قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پی اے کرم اور کمانڈنٹ ایف سی پر الزام عائد کیا کہ وہ کالعدم گروہ طالبان اور لشکر جھنگوی کے سرغنہ عید نظر کی ریاستی سرپرستی کرکے علاقے کے امن و امان کو ایک بار پھر تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں،لیکن قبائل انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے اور اگر اس سلسلے میں ممکنہ خون خرابے اور فسادات کی تمام تر ذمہ داری پی اے کرم اور کمانڈنٹ ایف سی پر عائد ہوگی۔ جرگہ نے واضح کیا کہ کالعدم گروہ طالبان اور لشکر جھنگوی کے سرغنہ عید نظر وہی دہشت گرد ہے جس کی وجہ سے جنت نظیر کرم اپریل 2007 سے مسلسل چار سال تک فسادات کی نظر رہا اور اس دوران سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع جب کہ ہزاروں بے گناہ افراد زخمی و مجروح ہوئے،بعد میں قبائل نے اپنی مدد آپ کے تحت دہشت گردی کے اس ناسور کو علاقہ بدر کیا اور سال 2012 میں ہونے والے نئے امن معاہدہ میں حکومت نے یہ گارنٹی دی تھی کہ کالعدم گروہ طالبان اور لشکر جھنگوی کے سرغنہ عید نظر علاقے میں واپس نہیں آئیں گے۔ جرگے نے مذید کہا کہ اب گذشتہ چند دنوں سے پولٹیکل ایجنٹ کرم اور کمانڈنٹ ایف سی کالعدم گروہ طالبان اور لشکر جھنگوی کے سرغنہ عید نظر کو مسلح ساتھیوں سمیت سرکاری مہمان کی طرح سیکورٹی چیک پوسٹوں پر استقبال ہو رہا ہے، جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ایک بار پھر علاقے میں سرکاری سرپرستی میں آگ اور خون کا کھیل جاری رکھنے کا مذموم منصوبہ جاری ہے۔ جرگہ اراکین نے پی اے کرم اور کمانڈنٹ ایف سی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مذموم حرکتوں کالعدم گروہ طالبان اور لشکر جھنگوی کے سرغنہ عید نظر کی سرکارسی سرپرستی ترک کردیں وگرنہ قبائل اپنے سینکڑوں قتل شدہ افراد اور ہزاروں زخمیوں کا انتقام لینے کے لئے کالعدم گروہ طالبان اور لشکر جھنگوی کے سرغنہ عید نظر کے خلاف خود ہی ایکشن اور انتقام لیں گے ایسے میں علاقے میں خون خرابے اور ممکنہ خونریزی کی ذمہ داری حکومت و انتظامیہ پر ہوگی.