افغانستان میں شیعہ اجتماع پر حملہ انسانیت سوز واقعہ ہے، علامہ علی حسنین
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے افغانستان میں زائرین کا استقبال کرنے والے اجتماع پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوز واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اشاروں پر چلنے والی دہشتگرد تنظیم داعش مظلوموں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ دنیا بھر میں استعماری قوتوں اور ان کے غلاموں کے ہاتھوں مظلوم مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، جو قابل افسوس ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں علامہ علی حسنین نے گزشتہ روز افغانستان کے صوبے دائی کندی میں ہزارہ قوم کے افراد پر داعش کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کو شہید کرنا شیطان اور اس کے پیروکاروں کا پیشہ رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ امریکہ کے فنڈز پر پلنے والی نام نہاد تنظیم نے دنیا میں اسلام کا چہرہ خراب کیا ہے۔ ایسے دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی بھی تعلق ہرگز نہیں ہو سکتا ہے۔ مسلمانوں کے لئے لازم ہے کہ داعش کی حقیقت کو سمجھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی منشا پر دم ہلانے والی تنظیم نے کبھی اسرائیل کے خلاف کارروائی نہیں کی، ان کا نشانہ ہمیشہ مسلمان ہی رہے ہیں۔ دائی کندی میں زائرین کے استقبال کے لئے جمع ہونے والے نہتے عوام پر حملہ کرکے داعش نے اپنی بزدلی ثابت کی ہے۔ انہوں نے افغانستان میں ہزارہ قوم کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں۔