پاکستانی شیعہ خبریں
بزرگ عالم دین سید علی الموسوی کے انتقال پر ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے سہ روزہ سوگ کا اعلان
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے بزرگ عالم دین، مفتی جعفرحسین اور شہید قائدکے ساتھی سید علی الموسوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو ملت جعفریہ پاکستان کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سید علی الموسوی کی زندگی سیرت اہلبیت علیھم السلام کا عملی نمونہ تھی۔ان کی خدمات کو بہت دیر یاد رکھا جائے گا۔ بیان میں کہا گیاہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید علی الموسوی کے انتقال پر ملال پر پوری قوم کو تعزیت پیش کرتی ہے۔ سید علی الموسوی کی وفات پر ایم ڈبلیو ایم سہ روزہ سوگ منائے گی۔