طاغوت کی ملت جعفریہ کو دبانے کی کوشش ناکام ہوگی، وزارت نقوی
شیعہ علماء کونسل کے سینئر نائب صدر سید وزارت حسین نقوی نے کہا ہے کہ طاغوتی قوتیں ملت جعفریہ کو جتنا دبانے کی کوشش کریں گی، اتنا ہی یہ قوم ابھر کر سامنے آئے گی۔ قصر زینب بھکر میں اجتماع سے حطاب کرتے ہوئے انہوں نے کراچی میں یوم القدس کے جلوس پر دہشت گردی اور گلگت جانے والے 25 اہل تشیع کی بابوسر کے مقام پر بیدردی سے شہادت کی شدید مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر دور میں یزیدی قوتوں نے حسینیوں کو دبانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن اسے بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ شیعہ علماء کونسل کے رہنما نے کہا کہ دشمن چاہتا ہے کہ خوف و ہراس پھیلا کر شیعہ قوم کے جلوسوں، مجالس اور اجتماعات کو ویران کر دے، اس لئے دہشت گردی کے ایسے واقعات رونما کیے جاتے ہیں، لیکن انشاءاللہ اسے مایوسی ہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کی طرف سے دشمنان اہل بیت علہیم السلام کیلئے یہ پیغام ہے کہ ان کے اوچھے اور شرمناک ہتھکنڈوں سے شیعیان حیدر کرار کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ قوم نے حسینیت کا پیغام پھیلانے کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور مستقبل میں بھی اس راہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شیعہ علماء کونسل نے علامہ ساجد علی نقوی کی قیادت میں پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دشمن کی آنکھوں میں اتحاد کی فضا کھٹکتی ہے۔ وزارت حسین نقوی نے گلگت بلتستان کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔