مختار اور باقر کی شہادت حکومت کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نسل کشی کے خلاف اب انتہائی اقدام کریں گے، اسلامک ریسرچ سینٹر ٹرسٹ کے چیئرمین مختار اعظمی اور ان کے بیٹے محمد باقر کی شہادت سیکوریٹی ایجنسیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے اسلامک ریسرچ سینٹر ٹرسٹ کے چیئرمین مختار اعظمی اور ان کے بیٹے محمد باقر کی امریکی پے رول پر پلنے والے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کے خلاف وحدت ہاؤس کراچی سے جاری ہونے والے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منظم منصوبہ بندی کے تحت بانیان پاکستان کی اولادوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور ہمارے سیکوریٹی ادارے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی سرپرستی کررہے ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ ملک بھر میں شیعہ آبادیوں پر حملے کئے جاتے تھے لیکن اس وقت بھی ارباب اقتدار سمیت ہمارے سیکوریٹی ادارے خاموش تماشائی تھے، آج یہ وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں کے نشانے سے فوجی جوان بھی محفوظ نہیں ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ سیکوریٹی ادارے سب کچھ دیکھنے کے بعد بھی ان کی سرپرستی سے باز کیوں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ مختار اعظمی اور ان کے بیٹے محمد باقر کی شہادت ملت جعفریہ کا ایک بڑا نقصان ہے اور حکومت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اب وقت آگیا ہے کہ ملت جعفریہ شیعہ نسل کشی کے خلاف انتہائی اقدام کرے گی۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ایک معمولی تھپڑ پر سوموٹو ایکشن لینے والے چیف جسٹس کو ملک بھر میں شیعہ قتل عام نہیں آتا، چیف جسٹس کہتے ہیں کہ میری کچھ مجبوریاں ہیں اس لئے شیعہ قتل عام پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتا،یہ کیسا انصاف کا علمبردار ہے کہ جو مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند کرنے سے ڈرتا ہے، ایسے شخص کو قاضی القضاء کے عہدے پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مختار اعظمی اور ان کے بیٹے محمد باقر کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ان کی سرپرستی کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ جمعہ کو شیعہ نسل کشی کے خلاف امام بارگاہ علی رضا ( ع ) سے پریس کلب تک خواتین کی احتجاجی ریلی منعقد کی جائے گی جس میں پیروان زینب ( ع ) اپنی بھرپور شرکت سے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش رچانے والوں کے چہروں کو بے نقاب کریں گی۔