جلاؤ گھیراؤ میں سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی ملوث ہیں، رحمان ملک
وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ علمائے دین جلاوٴ گھیراوٴ اور توڑ پھوڑ میں شامل نہیں، بلکہ پر تشدد مظاہروں میں جماعت الدعوة، لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے لوگ شامل تھے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو خطوط لکھے گئے ہیں، جبکہ صدر آئندہ برطانیہ اور امریکہ کے دورے میں اس پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ مظاہرے میں 50 ہزار کے قریب لوگ شامل تھے اور ان میں کئی ایسے چہرے بھی تھے جو کہ مطلوب ہیں، ان کی ویڈیو بنا لی گئی ہے اور ایک ایک کرکے ان تک پہنچا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مظاہرین نے چاروں طرف سے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی، مظاہرین کے پاس مخصوص نوعیت کے ڈنڈے تھے، جس سے ظاہر ہے کہ انہیں کوئی شرپسند سپورٹ کر رہا ہے۔ انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف سے اپیل کی کہ مظاہرین کو امن کا پیغام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء سے درخواست ہے کہ عشق رسول (ص) میں اپنوں کا نقصان کرنے والوں کو روکا جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج حق ہے، لیکن توڑ پھوڑ نہیں ہونی چاہئے، ہم بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے موبائل فون صارفین سے سروس نہ ملنے پر معذرت کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ آج ملک بڑی دہشت گردی سے محفوظ رہا، فوج الرٹ رہی، تاہم اس کی ضرورت نہیں پڑی۔