برادر محمد اکبر عابدی آئی ایس او کراچی ڈویژن کے نئے میر کارواں منتخب
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے اراکین مجلس عمومی نے نئے تنظیمی سال برائے 13-2012 کے لئے برادر محمد اکبر عابدی کو نیا میر کاروان منتخب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی
ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کا 33 واں سالانہ ڈویژنل کنونشن بعنوان ’’ استحکام تنظیم و احیائے ثقافت اسلامی ‘‘ مسجد و امام بارگاہ ناصران حسین شاہ فیصل کالونی نمبر 5 میں منعقد کیا گیا۔ کنونشن میں مختلف مواقعوں پر سینئر برادر ممتاز حسین، آئی ایس او پاکستان کے سابق مرکزی صدر حسن زیدی، باقر شیم نقوی، منہال رضوی و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مولانا عقیل موسیٰ، برادر جمال اصغر اور برادر مبشر حیدر کے علاوہ یونٹس کے اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کنونشن ہفتہ 22 ستمبر کی رات شروع ہوکر 23 ستمبر کی شام کو اختتام پذیر ہوا۔ کنونشن میں یونٹس اور ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور احتسابی عمل کو بھی انجام دیا گیا۔
ڈویژنل کنونشن میں شہدائے یوم القدس کراچی کے چہلم اور شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقویؒ کی مناسبت سے شہدائے وفا کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور شہید ناموس رسالت (ص) کے بھائی مولانا صادق رضا تقوی، رکن شوریٰ عالی اور آئی ایس او کی مرکزی نظارت کے رکن مولانا حیدر عباس عابدی نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے بھی شرکت کی، جبکہ امامیہ آرگنائزیشن اور مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ دیگر تنظیموں کے ذمہ دار بھی موجود تھے۔ کانفرنس کے آخر میں رکن ذیلی نظارت برادر باقر شیم نقوی نے نئے میر کاروان کے نام کا اعلان کیا اور برادر محمد اکبر عابدی سے حلف لیا۔