کراچی میں ایام عزا کا آغاز ہوتے ہی شہر بھر میں مجالس عزا کا آغاز ہوگیا
واضح رہے کہ دہشت گردوں نے محرم الحرام کی آمد سے قبل پاکستان کے مختلف شہروں خصوصا کراچی میں جہاں سنی اور شیعہ حضرات بڑے پیمانے پر نواسہ رسول کی یاد مناتے ہیں، وہاں امریکی پے رول پر کام کرنے والے دہشت گردوں نے متعدد بے گناہ افراد کو شہید کرکے عزاداری سید الشہدا میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی تاہم انہیں ماضی کی طرح اپنے منصوبے میں کامیابی نہیں ملی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی کی پولیس نے محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے مبینہ دہشت گردوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے اور اب تک سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں موجود تمام امام بارگاہوں اور مساجد میں مجالس عزا کا آغاز ہوگیا ہے، ان مجالس عزا سے علامہ طالب جوہری، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ عقیل الغروی، علامہ ذکی باقری، علامہ شہنشاہ حسین نقوی، علامہ عباس کمیلی، علامہ صادق رضا تقوی سمیت دیگر علمائے کرام و ذاکرین عظام خطاب فرما رہے ہیں۔