کوئٹہ میں جاری ٹارگٹ کلنگ حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے شیعوں کی حفاظت دراصل پاکستان کی سلامتی کی حفاظت ہے۔ وفاقی حکومت یاد رکھے کہ اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کرے، لیکن وہ نہ صرف اس فریضہ میں ناکام ہے بلکہ ان بڑھتے ہوئے واقعات سے چشم پوشی کر رہی ہے۔ آئندہ انتخاب میں شیعہ دشمنوں اور دہشتگردی کے واقعات پر چپ سادھنے والوں کو پارلیمنٹ میں نہیں پہنچنے دیں گے۔
سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلین نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم ملت کی امنگوں کی ترجمان ہے، انشاءاللہ ہم شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے اور اس مقدس خون سے وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں گے۔ نماز جمعہ کے اس اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی راہنما علامہ شبیر بخاری، شوریٰ عالی کے رکن علامہ ہاشم موسوی، مولانا اقبال بہشتی، صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا مقصود ڈومکی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی اور دیگر ضلعی راہنما بھی موجود تھے۔