کراچی، چہلم امام حسین (ع) کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پر پہنچ کر اختتام پذیر
نماز کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ مارکیٹ اور کھارادر سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگیا۔ جلوس میں عزاداران کی بہت بڑی تعداد امام حسین (ع) سے تجدید عہد کے لئے موجود تھی۔ جلوس عزا میں علم عباس (ع)، تابوت امام حسین (ع) اور ذوالجناح کی شبیہہ بھی موجود تھیں، جبکہ عزاداروں کی پیاس بجھانے کے لئے سبیلیں بھی موجود تھیں۔ جلوس عزا میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن، اسکاؤٹس رابطہ کونسل، شہید فاؤنڈیشن پاکستان اور پیام ولایت فاؤنڈیشن سمیت ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیموں کے نمائشی اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر جلوس کی سکیورٹی کے لئے ہزاروں اسکاؤٹس رضاکار اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے، جبکہ عزادارن امام حسین (ع) کی حفاظت کے لئے پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار بھی سکیورٹی پر مامور تھے۔ قبل ازیں نشتر پارک میں منعقدہ مرکزی مجلس عزا سے علامہ طالب جوہری نے خطاب کیا، اس موقع پر عزاداروں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔