پوری دنیا کو دکھا دینگے کہ ہم دشمن کا مقابلہ حسینی انداز میں کرنا چاہتے ہیں، علامہ ہاشم موسوی
علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ ان واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد شیعہ سنی دونوں کا دشمن ہے، جس کی وجہ سے آئے دن بے گناہ نہتے مسلمان دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں۔ دہشتگردی کیلئے حکومتی مشینری استعمال کی جاتی ہے اور ان دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک خصوصاً کوئٹہ کی ملت تشیع نے حوصلہ سے کام لیا ہے اور قانون کی مکمل پاسداری کی ہے۔ جس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم دشمن سے غافل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کا بھرپور اور ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ استقامت کے ساتھ دنیا کو دکھا دینگے کہ ہم دشمن کا مقابلہ حسینی (ع) انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکومت دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اقدامات نہیں کریگی تو اس صورت ملت تشیع پاکستان بھر میں بھرپور احتجاج پر اتر آئینگے۔ اور جب تک حکومت ملت تشیع کا تحفظ یقینی نہیں بنائے گی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اس احتجاج کی دوسری صورت سول نافرمانی بھی ہوسکتی ہے، جس کی ذمہ داری حکومت اور اس کے اداروں پر عائد ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کی وجہ سے جو آگ ملت تشیع کیخلاف لگائی گئی ہے ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ آگ پورے شہر بلکہ پورے پاکستان کو اپنی لپٹ میں لے لے گی۔ اور اس کی زد سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ تمام خشک و تر اس میں جل کر راکھ ہوجائیں گے۔ لہٰذا ہماری عدم تشدد کی حالت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اللہ تعالٰی ان شہداء کو شہدائے کربلا کے ساتھ محشور فرمائے۔