پشاور : ہزاروں مرد و زن شیعہ نسل کشی پر سراپا احتجاج
شیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے صدر مقام پشاور سمیت پاکستان بھر میں جاری شیعیانِ حیدر کرار ٹارگٹ کلنگ کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا ۔امامیہ رابطہ کونسل ، مجلس و حدت مسلمین ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، شیعہ علماء کونسل اور دیگر مقامی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی کوچہ رسالدار سے نکالی گئی ،جو قصہ خوانی بازار سے ہوتی ہوئی خیبر بازار پہنچی جہاں ریلی نے احتجاجی جلسے کی صورت اختیار کر لی ۔ شرکاء ریلی میں مردوں کے علاوہ سیکٹروں کی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں تصاویر شہداء ، پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے ۔ جن پر حکومتی نا اہلی اور طالبان دہشتگردوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی کی قیادت علامہ سید جواد ہادی ، مظفر علی اخوند زادہ ، سردار سجاد ، میجر (ر)حسنین ، ارشاد حسین بنگش کررہے تھے ۔ شرکاء ریلی کا صوبائی وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے مطالبہ تھا کہ حالیہ دنوں پشاور میں شہید ہونے والے ڈاکٹرز ، انجینئرز ، ماہرینِ قانون اور دیگر کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کو فلفور گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے ۔ صوبائی حکومت دہشتگرد عناصر کے خلاف کوئی ٹھوس اقدامات کرتی دکھائی نہیں دے رہی ، جسکی وجہ سے شیعیانِ پشاور عدم تحفظ کا شکار ہیں صوبائی حکومت اور قانون نافذ کر نے والے ادارے شیعیانِ حیدر کرار کے جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت کی یقین دھانی کروائے ۔