پاکستانی شیعہ خبریں

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کی رجسٹریشن کا عمل مکمل

ecp mwmشیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مجلس وحدت مسلمین کو بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کر لیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے شعبہ سیاسیاست کے ترجمان باقر حسین ایڈووکیٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہوچکی ہے، البتہ آئندہ انتخابات میں اپنے انتخابی نشان سے الیکشن لڑنے یا کسی دوسرے انداز سے سیاسی عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کا حتمی فیصلہ شوریٰ عالی کے اجلاس میں کیا جائیگا، جو آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں 24 مارچ کو عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد بھی کر رہی ہے، جس میں سندھ کی سطح پر لاکھوں افراد کی موجودگی میں اہم اعلانات کئے جاسکتے ہیں۔ کانفرنس میں اندرون سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے بڑے بڑے قافلوں کی شرکت ہوگی، جبکہ ملک بھر سے نمائندہ شرکت بھی کرائی جائیگی۔

ایم ڈبلیو ایم شعبہ سیاسیاست کے مسؤل ناصر عباس شیرازی کے مطابق 24 مارچ کے جلسے سے قبل مجلس وحدت مسلمین کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن کارکنوں کو نئے جوش و جذبے سے کام کرنے کی تحریک دیگی۔ دوسری طرف سیاسی حلقوں میں ایم ڈبلیو ایم کے سندھ کنونشن کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ اس کانفرنس سے پہلے مجلس وحدت صوبہ سندھ کا سیاسی شعبہ آل پارٹیز امن کانفرنس طلب کر چکا ہے، جس میں اکثر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ جن جماعتوں نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ان میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن شامل ہیں۔ اس کانفرنس میں دہشتگردی کیخلاف ایک بڑے سیاسی اتحاد کی تشکیل کا امکان بھی متوقع ہے۔

لاہور سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتحاد امت فورم کے سربراہ حیدر علی مرزا، شیعہ شہریان پاکستان کے صدر وقار الحسنین نقوی اور شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ نوبہار شاہ سمیت کئی دیگر عمائدین ملت نے مجلس وحدت کو بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہونے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ ملت عزت و شرف کے ساتھ پاکستان کے سیاسی معاملات میں آبرومندانہ کردار ادا کرسکے گی۔ مذکورہ سربراہان نے آئندہ الیکشن میں ایم ڈبلیو ایم کو بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button