الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کی رجسٹریشن کا عمل مکمل
ایم ڈبلیو ایم شعبہ سیاسیاست کے مسؤل ناصر عباس شیرازی کے مطابق 24 مارچ کے جلسے سے قبل مجلس وحدت مسلمین کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن کارکنوں کو نئے جوش و جذبے سے کام کرنے کی تحریک دیگی۔ دوسری طرف سیاسی حلقوں میں ایم ڈبلیو ایم کے سندھ کنونشن کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ اس کانفرنس سے پہلے مجلس وحدت صوبہ سندھ کا سیاسی شعبہ آل پارٹیز امن کانفرنس طلب کر چکا ہے، جس میں اکثر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ جن جماعتوں نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ان میں تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن شامل ہیں۔ اس کانفرنس میں دہشتگردی کیخلاف ایک بڑے سیاسی اتحاد کی تشکیل کا امکان بھی متوقع ہے۔
لاہور سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتحاد امت فورم کے سربراہ حیدر علی مرزا، شیعہ شہریان پاکستان کے صدر وقار الحسنین نقوی اور شیعہ پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ نوبہار شاہ سمیت کئی دیگر عمائدین ملت نے مجلس وحدت کو بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہونے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ ملت عزت و شرف کے ساتھ پاکستان کے سیاسی معاملات میں آبرومندانہ کردار ادا کرسکے گی۔ مذکورہ سربراہان نے آئندہ الیکشن میں ایم ڈبلیو ایم کو بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔