علامہ ناصر عباس جعفری کا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا دوبارہ مرکزی سیکرٹری جنرل نامزد ہونے کا قوی امکان
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا مرکزی کنونشن چھ اور سات اپریل کو اسلام آباد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔شیعت نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 80سے زائد ڈسٹرکٹ اور آزاد جموں کشمیر سمیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی شورائے عالی اگلے تین سال کے لئے تنظیم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا انتخاب کرے گی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے دو روزہ مرکزی کنونشن میں ملک بھر سے بشمول سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخواہ،پنجاب،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے کارکنان کی آمد شروع ہو چکی ہے جو کنونشن میں ووٹ کے ذریعے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے آئندہ تین سالوں کے لئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب کریں گے۔
تین سال قبل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔مجلس وحدت مسلمین کے ذرائع کاکہنا ہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری شیعہ مسلمانوں کے درمیان ایک بہترین قیادت کے طور پر سامنے آئے ہیں۔اور ملک میں ایک طویل مدت کے بعد شیعہ مسلمانوں نے علامہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں اپنی بھرپور قوت کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ پہلے مرتبہ پورے ملک سے عام انتخابات کے لئے خواتین اور مرد امید وار نامزد کئے گئے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے آئندہ تین سالوں کے لئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے دوبارہ منتخب ہونے کے امکانات بہت قوی ہیں۔البتہ ووٹر اس بات کا فیصلہ اتوار کے روز کر دیں گے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا مرکزی سیکرٹری جنرل کون بنتا ہے۔