ملت جعفریہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرے گی،کسی کو ملت کے حقوق پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ علامہ حسن ظفر نقوی کا شیعت نیوز کو خصوصی انٹر ویو
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور معروف شیعہ عالم دین و رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ کے حقوق کے دفاع کے لئے میدان عمل میں اتر آئے ہیں اور کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملت جعفریہ کے حقوق کو غصب کرے یا اس پر قبضہ جما لے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے ان خیالات کا اظہار شیعت نیوز کے نمائندے سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے اپنے ایک خصوصی ویڈیو انٹر ویو میں کیا ہے۔علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ ملت جعفریہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرے گی اور تمام طاغوتی نظاموں کو وحدت کی قوت سے پاش پاش کر دے گی۔ان کاکہنا تھا کہ ملت جعفریہ پاکستان کے خون،مال ودولت اور کئی بے مثال قربانیوں سے مملکت عزیز پاکستان کو حاصل کیا گیا تھا لیکن اسی پاکستان میں بانیان پاکستان کی اولادوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے اور گذشتہ 33برس سے ملت جعفریہ کے حقوق کی بد ترین پائمالی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ خواہ جمہوری حکومتیں ہوں ہا آمریت کے ادوار ہوں ،ہم نے دیکھ لیا اور سب کو آزما لیا ہے کہ کون ملت جعفریہ کا دوست اور کون دشمن ہے۔لہذٰا ملت جعفریہ پاکستا ن نے اب فیصلہ کر لیا ہے کہ ’’ووٹ بس حسین (ع) کا‘‘۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے اپنی رہائش گاہ پر شیعت نیوز کو دئیے جانے والے اس انٹر ویو میں واضح طور پر کہا ہے کہ گذشتہ پانچ سالہ دور میں ملت جعفریہ کو فقط جھوٹے وعدوں اور تسلیوں سے سہارا دیا جاتا رہا لیکن دوسری طرف ملت کے حقوق پائمال ہوتے رہے اور اسمبلیوں میں موجود شیعہ افراد جو مختلف جماعتوں کی جانب سے اور اپنے حلقوں میں شیعہ ووٹ لینے کے بعد اسمبلیوں میں جا بیٹھے تھے کسی ایک نے بھی ملت کے حقوق کی بات نہیں کی۔ہر دور میں شیعہ مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جاتے رہے ہمارے بے گناہ نوجوانوں کو پابند سلاسل کیا جاتا رہا ،ہماری مساجد اور امام بارگاہوں سمیت عزاداری کے اجتماعات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جاتا رہا غرض یہ کہ ہماری آبادیوں پر بھی دہشت ناک حملے کئے جاتے رہے ۔علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا اور ہزاروں کو زخمی کیا گیا لیکن ملت جعفریہ نے صبر سے کام لیا اور اس امید پر کہ شاید کوئی نئی صبح طلوع ہو۔ان کاکہنا تھا کہ ملت جعفریہ کا عام انتخابات میں شامل ہونا ملت جعفریہ کے لئے نئی امید کی صبح بن چکی ہے۔ملت جعفریہ نے ان تمام لوگوں کو پہچان لیا ہے جو ملت جعفریہ کے ووٹ سے ایوانوں میں جاتے رہے اور ملت کے حقوق کی پائمالی پر خاموش تماشائی بنے رہے۔
معروف شیعہ عالم دین و شیعہ رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ ملک کی سب سے بڑی اکثریت ہے جسے اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ،ان کاکہنا تھا کہ پورے ملک میں پانچ کروڑ سے زائد شیعیان حیدر کرار (ع) موجود ہیں جو اپنے ووٹ کی طاقت سے طاغوتی نظاموں کا خاتمہ کر دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانچ کروڑ شیعہ ہونے کے باجود بھی ہمارے ساتھ اقلیتوں والا سلوک کیا جاتا رہا ہے جو اب نا قابل برداشت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سامراجی قوتیں امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک اور مذموم مقاصد اور ایجنڈوں کے تحت ملت جعفریہ کو پاکستان کو محدود یت کا شکار کرنے کی کوشش کی گئی تا کہ ملت جعفریہ ملک کی ترقی میں کسی قسم کا کوئی کردار ادا نہ کر سکے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ کٹھن اور سخت ترین حالات میں حتیٰ کہ ملت جعفریہ پاکستان نے اپنا خون بہا کر بھی استحکام پاکستان کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے۔
علامہ حسن ظفر نقوی کاکہنا تھا کہ ملک بھر مین شیعہ نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے ،ڈیرہ اسماعیل خان ،پارا چنار ،گلگت بلتستان،کوئٹہ اور کراچی سمیت ملک کی کوئی جگہ ایسی نہیں ہے جہاں شیعیان علی علیہ السلام کا قتل عام نہ کیا جا رہا ہو اور پاکستان میں بسنے والے محب وطن شیعہ پاکستانیوں کو دیوار سے لگانے کی گھناؤنی سازشیں کی جا رہی ہیں جس کو ناکام کرنے کے لئے ملت جعفریہ پورے عزم اور ارادے کے ساتھ میدان میں اتر آئی ہے اور اب دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
علامہ حسن ظفر نقوی کاکہنا تھا جن قوموں کی سیاسی قوت نہیں ہوتی ان کو اپنے حقوق کی بھیک مانگنا پڑتی ہے لیکن ملت جعفریہ پاکستان ملک کی بڑی اور طاقتور سیاسی قوت بن کر ابھرے گی اور ملت جعفریہ کے حقوق کا دفاع کرے گی۔ان کاکہنا تھا کہ ملت جعفریہ ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کر دے گی اور اب وہ وقت چلا گیا کہ کوئی آ ئے اور آ کر ملت جعفریہ پاکستان کے ووٹوں سے کامیاب ہو اور ایوانوں میں بیٹھ کر مزے لوٹے ،ان کاکہنا تھا کہ اب ایسا ہر گز نہیں ہونے دیں گے ۔ملت جعفریہ پاکستان صرف اور صرف اس کو ووٹ دے گی جو ملت جعفریہ کا امید وار ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک بھر سے امیدواروں کو نامزد کر دیا ہے اور یہ ملت کے حقوق کے دفاع کی جانب پہلا عملی قدم ہے جبکہ دوسرا قدم ایوانوں میں ہو گا اور ظالم و سامراجی قوتوں کی شکست اس کا انجام ہو گا،اس نتیجے میں ایک مستحکم پاکستان وجود میں آئے گا جہاں تمام اکائیاں آزادی سے اور امن و امان سے زندگی گزار سکیں گی۔