ہماری طاقت کا نام شوق شہادت ہے جو اور کسی کے پاس نہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امام کی اُمت کو اُمتوں کی سرداری کرنی ہے، سیاسی جدوجہد کے بغیر ممکن نہیں ہے کہ آپ یہ اُمور انجام دیں۔ ہم ظالم قوتوں کے لیے سیاسی میدان خالی چھوڑ دیں تو کس طرح ظہور امام (ع) کا راستہ ہموار کریں گے، کیا ہم مظلوموں کو ظالموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں؟ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے لاہور میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اُمیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ ظلم سے جنگ لڑنا ہماری میراث ہے جو ہمیں انبیاء، آئمہ اور معصومین علیہم السلام کی سیرت سے ملی ہے۔ مظلوموں کی خاطر جنگ لڑنا شیوہ پیغمبری و آئمہ ہے، ان چوروں، ڈاکوئوں اور لٹیروں کے خلاف جنگ لڑنا واجب ہے جنہوں نے غریبوں اور مظلوموں کے لہو سے محلات بنا رکھے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو تعلیم کے وسائل میسر نہیں، صحت کے وسائل میسر نہیں، انہیں ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ کبھی شیعہ کے نام پر، کبھی سنی کے نام پر، کبھی ہندو کے نام پر، کبھی عیسائی کے نام پر، کبھی لسانیت کے نام پر تو کبھی قوم اور قبیلے کے نام پر۔ ہم نے یہ تقسیم ختم کرکے مظلوموں کی حمایت کرنی ہے اور یہ اُسی وقت ہی ممکن ہے جب آپ میدان میں حاضر رہیں گے۔ بعض افراد کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے خلاف کام کیا گیا، لیکن ہم ان کا کوئی جواب نہیں دیں گے، ہماری استقامت ہی ان کی شکست ثابت ہوگی۔ ہم طاقتور بنیں گے اور مظلوموں کے حقوق کا دفاع کریں گے۔ ہماری طاقت کا نام شوق شہادت ہے جو اور کسی کے پاس نہیں۔ ہم نے پورے ملک میں الیکشن کے دوران اتنا خرچ کیا ہے جتنا ایک عام ایم پی اے کا اُمیدوار کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میں سید ناصر عباس شیرازی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے بہت کم عرصے میں اتنی بڑی جنگ کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو صرف کیا۔