پاکستانی شیعہ خبریں

بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ناگزیر ہے، علامہ مقصود ڈومکی

domkiمجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں اور ان کے محفوظ ٹھکانوں کیخلاف آپریشن انتہائی ناگزیر ہے، ایم ڈبلیو ایم کا صوبائی کنونشن 22 اور 23 جون کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنماء اقبال نذر اور رشید علی جعفری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین جو کہ اتحاد بین المسلمین، وحدت، اخوت اور امن کی داعی جماعت ہے، خدا کا شکر ہے کہ اتنی قلیل مدت میں ایم ڈبلیو ایم ملک گیر عوامی جماعت بن چکی ہے۔ جسے ملک بھر کے لاکھوں شہریوں کی حمایت اور تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے بے روزگاری، دہشتگردی اور سامراجی مداخلت کا خاتمہ ہماری جدوجہد کا محور ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ملک گیر موثر اور پرامن دھرنے دے کر ہم نے ملکی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ اپریل میں مرکزی کنونشن کے بعد اب مجلس وحدت مسلمین کا صوبائی تنظیمی کنونشن آئندہ ماہ 22 اور 23 جون کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ جس میں بلوچستان بھر سے ضلعی ذمہ داران اور تنظیمی کارکن شریک ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس صوبائی کنونش میں آئندہ تین سال کیلئے نئے صوبائی سیکرٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری اور علامہ محمد امین شہیدی سمیت دیگر مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے انقلابی افکار کے تحت معاشرے کی اصلاح کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ہم سیرت انبیاء (ع) کو اپنی جدوجہد کا محور سمجھتے ہوئے طاغوتی نظام کیخلاف برسرپیکار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نومنتخب اراکین اسمبلی اور نئی تشکیل پانے والی حکومت سے ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ جہاں کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، غربت، لاقانیت اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر بھرپور توجہ دیں گے وہاں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے بھی جامع پالیسی کا اعلان کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کی آگ میں پورا بلوچستان جل رہا ہے، دہشتگردوں کا جڑ سے خاتمہ، ان کے ٹریننگ کیپمس اور محفوظ ٹھکانوں کیخلاف آپریشن بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن و اخوت کے علمبردار ہیں، اس لئے اس سلسلے میں ہونے والی ہر پرخلوص کوشش کی بھرپور حمایت کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button