مزار قائد پر شہدائے پاکستان و ملت جعفریہ سے تجدید عہد وفا اور چراغاں، سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی شرکت
کراچی( )سانحہ پشاور ،سانحہ کوئٹہ اور ملک بھر میں جاری دہشت گردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر شہداء سے تجدید عہد وفا کرتے ہوئے چراغاں کیا گیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا قاضی احمد نورانی،مولانا ،عقیل
نے شرکت کی اور سانحہ پشاور سمیت سانحہ کوئٹہ اور ملک میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں شہید ہونیو الے معصوم پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور شہداء سے تجدید عہد وفا کیا۔
مزار قائد پر شہدائے پاکستان سے تجدید عہد وفا اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج اور چراغاں کا پروگرام مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام کیا گیا تھا اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی، وحدت یوتھ ونگ صوبہ سندھ کے سیکر ٹری مہدی عباس ، کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل رضا امروہی سمیت مولانا دیدار علی جلبانی، مولانا علی انور، سید علی حسین اور دیگر بھی موجود تھے۔
شرکائے احتجاجی مظاہری سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ پورا ملک آج دہشت گردوں کی لپیٹ میں ہے اور افواج پاکستان جو پاکستان کی محافظ ہیں ان دہشت گردوں سے ااہنے ہاتھوں سے نمٹنے کی بجائے خواب غفلت میں پڑی ہوئی ہیں جو انتہائی شرم کی بات ہے، ان کاکہنا تھا کہ ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں کالعدم دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ملک پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی گھناؤنی سازشیں کر رہی ہیں جبکہ حکومت اور ریاستی ادارے انہی ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں سے مذاکرات کی باتیں کر کے ان دہشت گردوں کے حوصلے بڑھا رہے ہیں۔
مقررین کاکہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت پاکستان او ر افواج پاکستان کو دو ٹوک فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہیں مضبوط اور مستحکم پاکستان چاہئیے یا پھر ایسا پاکستان چاہئیے جس میں کالعدم دہشت گرد گروہوں کا راج ہو اور وہ جب چاہیں جہاں چاہیں مظلوم اور معصوم پاکستانیوں کے گلے کاٹ کر اور بم دھماکوں میں قتل کرتے پھریں۔رہنماؤں کاکہنا تھا کہ حکومت کو چاہئیے کہ ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا قلع قمع کریں اور دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنوں نے سانحہ پشاور، سانحہ ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ اور ملک بھر میں طالبان دہشتگردوں کے حملوں میں شہید ہونیو الے 71ہزار پاکستانی شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے شہداء سے تجدید عہد کیا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ملک دشمن و اسلام دشمن دہشت گرد گروہوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بنانے دیں گے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی اولادوں کو دیوار سے لگانے کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے اور ماضی کی طرح پاکستان کی حفاظت کی خاطر جان ومال کی قربانیوں سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔