بعض سیاستدان امریکی و سعودی طالبان دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں، انصار برنی
شیعہ نیوز (کے پی کے) انصار برنی ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چئیرمین اور سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق انصار برنی ایڈووکیٹ نے خیبر پختونخواہ کے شہر بنوں کی فوجی چھاﺅنی میں ایف سی کے اہلکاروں پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیوریٹی فورسز پر حملہ کو پاکستان پر حملہ کے مترادف قرار دیتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انصار برنی نے کہا کہ دہشت گرد ملک دشمن اور انسانیت کے قاتل ہیں اور پاکستانی قوم اور مسلح افواج کو ملکر ملک اور انسانیت دشمنوں کے خلاف اعلان جہاد کر دینا چاہئیے۔ انصار برنی نے بڑے دکھ کے ساتھ کہا کہ افسوس تو یہ ہے کہ پاکستان میں بعض سیاستدان بھی شدت پسند طالبان کے دوست اور ہمدرد ہیں جو ہماری قوم کے فوجی جوانوں، عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور انسانیت سمیت ملک پر حملہ آور ہیں ایسے سیاستدانوں کو فیصلہ کرنا چاہئیے کہ آیا وہ دہشت گردی کے دوست ہیں یا ملک و قوم کے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی چھاﺅنیوں پر حملہ ہو رہا ہے اور دہشت گردوں کی حمایت کرکے ہمارے عاقبت نااندیش بعض سیاستدان ان دہشت گردوں سے ہمدردی رکھتے ہیں اور اگر یہ کہا جائے کہ وہ اب ان کی سرپرستی بھی کر رہے ہیں تو غلط نہیں ہوگا۔