پاکستانی شیعہ خبریں

طالبان سے مذاکرات شیطانوں، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں، پیام شہداء و اتحاد امت کانفرنس

شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام پیام شہداء و اتحاد امت کانفرنس میں شریک رہنماوُں، جن میں تمام مکاتب فکر کے نمائندے شریک تھے، نے طالبان سے مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے اسے شیطانوں، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات قرار دیا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں، جو مسلمانان پاکستان آج کے اس نمائندہ اجتماع کے ذریعے مسترد کرتے ہیں، مذاکرات کا ڈھونگ ختم کیا جائے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، سنی اتحاد کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، وائس آف شہداء کے ترجمان سینیٹر سید فیصل رضا عابدی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما سید فرحت حسین شاہ، رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا رضوی، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، عیسائی برادری کے رہنما ولیم برکت اور ناصر شیرازی سمیت دیگر رہنماؤں نے ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے زیراہتمام کوئٹہ میں علمدار روڈ شہداء چوک پر منعقدہ پیام شہداء و اتحاد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ احمد اقبال رضوی، مفتی سعید رضوی، علامہ ہاشم موسوی، علامہ فرحت شاہ، علامہ مقصود علی ڈومکی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد مرد و خواتین، بچے اور بوڑھے سخت سردی اور بارش کے باوجود شریک ہوئے۔ اس موقع پر شرکاء نے طالبان سے مذاکرات نامنظور، امریکہ مردہ باد، نواز حکومت شرم کرو، کے نعرے بلند کئے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات شیطانوں سے مذاکرات ہیں، فرعونوں، ظالموں اور قاتلوں سے مذاکرات ہیں، ہم اپنا خون دیدیں گے لیکن وطن کیساتھ خیانت کو قبول نہیں کریں گے، ان مذاکرات کو پاکستان کی مظلوم عوام اور شہداء کے خانوادے مسترد کرتے ہیں، یہ شہداء کے خون سے خیانت کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے فیصلوں کو آج اس ملک میں نافذ کیا جا رہا ہے اور امریکہ اور سعودی عرب کی سرپرستی میں پاکستان کو بدامنی کا شکار کیا جا رہا ہے، دہشت گردوں کے حامی اب ایکسپوز ہوچکے ہے، داڑھی والے اور کلین شیو طالبان عیاں ہو رہے ہیں، نواز شریف اور اس کے ساتھی اور مخصوص مسلک کے دہشت گرد ایک ہو رہے ہیں، لیکن آج شیعہ و سنی مظلوم بیدار ہیں اور ضیائی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو ناکام بنائیں گے اور طالبان اور ان کے حامیوں کو رسوا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان سے طالبان مذاکرات کر رہے ہیں، ہمیں ایک بڑی جدوجہد شروع کرنے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرنا ہوگا، جس کا رخ اسلام آباد کی طرف ہوگا، پاکستان کی تمام محب وطن قوتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا، ہمارے حکمرانوں سے پاکستان کو خطرہ ہے، ہم اس کو بچانے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کریں گے، فرعون اور یزید کے فرزند پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ منور حسن نے اسامہ بن لادن کو سیدالشہداء کہہ کر دین کے وقار کو مجروح کیا ہے، پاکستانی عوام کیلئے اسلام پر قربانیاں دینے والے، نبی (ص) کے دین کیلئے اپنا سب کچھ لٹا دینے والے، پیغمبر اسلام (ص)کے نواسہ حضرت امام حسین (ع) کی ذات سیدالشہداء ہے نہ کہ ملک دشمن اور انسانیت دشمن اسامہ بن لادن، اب ہم کسی کو بھی اسلام کے نام پر مزید ٹھیکہ داری کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد قوتوں اور ہم میں یہ فرق ہے کہ وہ اسامہ اور حکیم اللہ محسود کو روتے ہیں لیکن ہم کربلا کے مظلوموں کی یاد میں روتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان حکمرانوں سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ جو قوتیں پاکستان اور قائداعظم کو نہیں مانتیں، آپ انکے پاس تو ہاتھ جھوڑ کر جاتے ہیں، لیکن کوئٹہ میں بیٹھے مظلوم عوام کی دل جوئی کرنے کیلئے آپ کے پاس وقت نہیں۔ ہم طالبان، ظالمان، لشکر جھنگوی، سپاہ صحابہ اور کسی بھی دہشتگرد قوت کو نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کی مظلوم عوام اسلام آباد کا رخ کریگی اور ان سعودی نواز حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا۔ اگر حکومت نے دہشتگردوں کیساتھ اب بھی مذاکرات کئے تو اس بار ہم اپنے گھروں کو واپس نہیں جائیں گے اور اس ملک سے دہشتگردوں سمیت انکے سیاسی و مذہبی سپورٹروں کو بھی ملک بدر کردینگے۔

وائس آف شہداء کے ترجمان سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ طالبان کی شریعت یزید کی شریعت ہے، نواز شریف ملک میں یزید کی شریعت نافذ کرنا چاہتے ہیں، ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتا ہوں کہ جس کی آغوش میں ملک کی پاک افواج اور عوام کے گلے کاٹے جا رہے ہیں اور قاتل دہشت گردوں سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آخری جنگ کی تیاری کر رہے ہیں، طالبان سے مذاکرات کرنیوالوں پر لعنت بھیجتا ہوں اور ایسے افراد کو مسترد کرتا ہوں۔ فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ شہداء کے خانوادے اور ملک کی مظلوم عوام پاک فوج کو اجازت دیتے ہیں کہ طالبان پر فوری حملہ کر دیا جائے، جس طرح شام میں تکفیریوں کو ہم نے شکست دی ہے، بالکل ویسے ہی پاکستان کو بھی تکفیریوں کا قبرستان بنائیں گے۔ منہاج القرآن کے رہنما سید فرحت حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خوارج کیلئے واحد علاج شیخ الاسلام علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا وہ تاریخ ساز فتویٰ ہی ہے جس پر عمل کرکے پاکستانی قوم اس ناسور سے نجات پاسکتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button