پاکستانی شیعہ خبریں

شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہ رکی تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، مجلس وحدت مسلمین کراچی

شیعہ نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علامہ باقر زیدی، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی اور مجلس ذاکرین امامیہ کے سربراہ علامہ نثار قلندری نے کہا ہے کہ شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہ رکی تو وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، جمعہ کو ’’ یوم مذمت طالبان ‘‘ منانے کا اعلان کرتے ہیں، اس عنوان سے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، گذشتہ دو روز میں 6 شیعہ عمائدین بشمول علماء، پروفیسرز، نوجوانوں اور عمائدین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا لیکن افسوس کی بات ہے کہ شہر کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سندھ حکومت بے بس تماشائی بنی ہوئی ہے، ہم شہر میں جاری مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں سندھ حکومت کو براہ راست مجرم قرار دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف حساس اداروں کی رپورٹ میں واضح طور پر بتایا جا چکا ہے کہ شہر کراچی میں کالعدم دہشت گرد گروہ طالبان اور تکفیری دہشت گرد گروہ ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں تو پھر ایسی کون سی بات ہے جو حکومت سندھ کو ان تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے سے روک رہی ہے؟ نہ صرف سندھ انتظامیہ ان خطرناک ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کے خلاف کوئی کاروائی کرنے سے قاصر ہے بلکہ کالعدم دہشت گرد گروہوں کے سرغنہ دہشت گردوں کو سرکاری سیکورٹی بھی فراہم کی گئی ہے جو سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

رہنماؤں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کراچی میں موجود کالعدم دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر فی الفور کاروائی عمل میں لائی جائے اور ملت جعفریہ کے عمائدین کے قتل میں ملوث ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گذشتہ دنوں لاہور میں ہونے والی پچاس سے زائد جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق کل بروز جمعہ کو ’’ یوم مذمت طالبان ‘‘ منانے کا اعلان کرتی ہے، اس عنوان سے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز کراچی میں دہشت گردی کے واقعات بڑھتے چلے جا رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کراچی کے حالات سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے جرات مندانہ اقدامات کو فراموش کرنا چاہتی ہے جو انہوں نے ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گرد قوتوں کے خلاف اٹھائے ہیں، ہم آج حکومت سندھ کو واضح کرتے ہیں کہ اگر سندھ انتظامیہ نے ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس نہ لیا اور قاتلوں کو گرفتار نہ کیا تو ہم اس بات پر مجبور ہوں گے کہ سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کریں، اگرچہ ہم جانتے ہیں کہ ملک اس وقت کسی بھی احتجاجی تحریک کا متحمل نہیں ہو سکتا تاہم سندھ حکومت کو بھی چاہئیے کہ وہ شہر کراچی کے بگڑتے ہوئے حالات پر چشم پوشی کرنے کے بجائے مظلوم ملت جعفریہ کے عمائدین کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی عمل می لائے۔

علامہ باقر زیدی، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی اور علامہ نثار قلندری نے مزید کہا کہ ہم گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت آئی جی سندھ پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور کالعدم دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے سینکڑوں معصوم شہریوں کے قاتل ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گرد وں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں۔ ہم سیاسی و مذہبی جماعتوں، سول سوسائٹی اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہر ذی شعو ر سے اپیل کرتے ہیں کہ جمعہ اٹھائیس فروری کو ’’ یوم مذمت طالبان ‘‘ میں ہمارا ساتھ دیں اور پاکستان کو ان خطرناک دہشت گردوں سے بچانے کے لئے پر امن احتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں، اس حوالے سے ہم مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنوں کو بھی ہدایات دیتے ہیں کہ وہ بھی اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور خدمات انجام دیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button