پاکستانی شیعہ خبریں

اتحاد بین المسلمین ایسا ہتھیار ہے جس سے انسانیت کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے، آغا رضا رضوی

شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین  پاکستان کوئٹہ کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ قرآن پاک کے مطابق اللہ تعالٰی نے ہم میں قوم اور قبیلے صرف اس لئے قرار دیئے تاکہ ہم ایک دوسرے کو پہچان سکیں۔ قرآن پاک میں یہ بھی فرما دیا کہ اللہ کے نزدیک محترم اور مکرم ہونے کا شرف صرف اُس انسان کو حاصل ہے جو پرہیزگار اور متقی ہو۔ پس ہمیں چاہیئے کہ ہم قوم و قبیلہ کے دائروں سے بلند ہو کر انسانیت کی بنیاد پر مظلوموں اور ستم دیدہ انسانوں کے حقوق اور انسان و انسانیت کی ترقی کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ اتحاد بین المسلمین ایک ایسا ہتھیار ہے، جس سے امن اور انسانیت کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ پیغمبر اکرم (ص) نے مسلمانوں کو تلقین کی ہے کہ آپس کے تنازعات کو نظر انداز کرکے اتحاد کی راہ اختیار کی جائے۔ اللہ کے نبی (ص) اور اصحاب و اہلبیت (ع) نے اپنے اخلاق و کردار سے اسلام کے امن و سلامتی کے پیغام کو عام کیا۔ سید محمد رضا آغا نے اتحاد بین المسلمین کو وقت کی اہمت ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد واحد راستہ ہے، جس کے ذریعے ظالموں، جمہوریت کے دشمنوں، شرپسندوں اور اسلام کے نام پر مسلمانوں کو گمراہ کرنے والے عناصر کو شکست دی جاسکتی ہے۔

آغا رضا کا مزید کہنا تھا کہ اسلام، امن اور انصاف ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں،  پاکستان اور امن دشمن گروہوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کا اتحاد اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اگر مسلمان متحد ہوجائیں تو نادیدہ قوتوں اور بیرونی ممالک کے آلہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں سنیوں اور شیعوں کے مابین اختلافات پیدا کرنے کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ آغا رضا نے مزید کہا کہ مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ قرآن کا دامن ہمیشہ تھامے رکھیں، کیونکہ اسی سے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ سنی شیعہ میں اختلافات کو ہوا دینے والے کبھی بھی اسلام کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔ لہٰذا تمام انسان دوست اور امن دوست عوام سے اپیل ہے کہ وہ شرپسندوں کے ایسے بیانات اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ جن میں شیعہ سنی کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی بات ہو رہی ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button