دہشتگردوں کا تعلق وقت کے خوارج کے ساتھ ہے، ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی
شیعہ نیوز (لاہور) تحریک صراطِ مستقیم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ اسلام کی وہی تعبیر و تشریح درست اور جامع ہے جو صوفیاء کرام نے پیش کرکے برصغیر سے کفر و شرک کے اندھیروں کو دور کیا، اولیاء کرام کی تعلیمات میں کسی قبر کو سجدہ کرنا جائز نہیں، لیکن انہوں نے مزارات اولیاء کو فیض کے سر چشمے قرار دیا اور انہیں دعاؤں کی قبولیت کا مقام سمجھا اور انکے وسیلے سے دعاؤں کی قبولیت کو جائز قرار دیا، برصغیر میں جن اولیاء کرام نے شدید طوفانوں میں توحید کا پرچم بلند رکھا، آج انکے عقیدہ توسُّل کو شرک کہنا فرقہ واریت ہے، جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں، صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی سے نام نہاد روشن خیالی، فرقہ واریت اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں فیروز پور روڈ پر ہونے والی مقام اولیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ صوفیاء کرام نے وہی نظریات عوام میں پھیلائے، جن کی تعلیم آئمہ مجتہدین نے دی تھی۔ مزارات اولیاء نے برصغیر کے اسلامی تشخص کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہی مزارات کے فیض یافتگان نے غیر مسلم حملہ آوروں کے دانت کھٹے کیے اور اسلام کا پرچم بلند رکھا۔ تاریخ اِسلامی میں مزارات اولیاء سے کروڑوں مسلمان روحانی تسکین پاتے رہے ہیں۔ اہلسنت والجماعت کا سَر آج بھی فخر سے بلند ہے کہ ہم انہی اولیاء کرام کے عقائد اور عقیدت کے حامل ہیں۔ حکومت پنجاب داتا دربار کی سکیورٹی کو سخت بنائے۔ مزارات پر حملے کی دھمکیاں دینے والوں کے مکروہ چہروں کو عوام پہچان لیں۔ ایک طرف دہشتگردوں سے مذاکرات تو دوسری طرف مزارات پر حملے کی دھمکیاں ثابت کر رہی ہیں کہ دہشت گردوں کا تعلق وقت کے خوارج کے ساتھ ہے۔