کراچی پولیس دہشتگردی روکنے میں ناکام ہو چکی ہے، پاک فوج بلائی جائے، شفیع رانا قادری
شیعہ نیوز (کراچی) اہلسنت رضاکار کراچی کے جنرل سیکریٹری شفیع رانا قادری نے کہا ہے کہ کراچی میں پویس امن و امان کے قیام میں ناکام ہو چکی ہے، لہٰذا خالصتاً شہر کراچی کے امن و امان کی خاطر اور ٹارگٹ کلنگ کا عفریت قابو کرنے کیلئے پاک فوج کو بلایا جائے۔ شفیع رانا قادری نے گلبہار سینٹری مارکیٹ جامع مسجد فاروقی کے ٹرسٹی سرفراز حسین کی گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غفلت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہرِ کراچی میں کوئی شخص اپنا جان و مال محفوظ نہیں سمجھتا، دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ ہے، وہ جب، جہاں اور جسے چاہیں باآسانی ٹارگٹ کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ شفیع رانا نے کہا کہ پولیس اور افسران عوام کے تحفظ و سیکیورٹی کی بجائے اپنی جیب بھرنے میں مصروف ہے ہیں۔ اہلسنت رہنماء نے ارباب اقتدار سے مطالبہ کیا کہ شہید سرفراز حسین سمیت کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں مرنے والوں کے لواحقین کی دادرسی کرتے ہوئے انہیں معاوضہ دیا جائے۔