پرویز مشرف کو کراچی آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، اشتر رضا اشتر
شیعہ نیوز (کراچی) حسینی فورس پاکستان کے سربراہ اشتر رضا اشتر نے سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کو کراچی آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت لال مسجد کے دہشتگردوں کے ساتھ مل کر پرویز مشرف سے ماضی کے بدلے لے رہی ہے، پرویز مشرف کا قصور اتنا ہے کہ انہوں نے دہشتگردوں کے آگے سر نہیں جھکایا، جیسے آج نواز حکومت جھکائی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اشتر رضا اشتر نے حسینی فورس پاکستان کی مرکزی کابینہ کے اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اشتر رضا اشتر نے کہا کہ نواز حکومت مٹھی بھر دہشتگردوں کے آگے بے بس ہے کیونکہ یہ عوام کی خدمت کیلئے اقتدار میں نہیں آئے بلکہ صرف اپنے بینک اکاؤنٹس بھرنا اور اپنے بیرونی آقاؤں کے اسلام و پاکستان دشمن ایجنڈے کی تکمیل ان کا اصل ہدف ہے۔ گلگت بلتستان میں عوامی جدوجہد کے حوالے سے اشتر رضا اشتر نے کہا کہ حسینی فورس پاکستان کا ایک ایک کارکن گلگت بلتستان کی غیور عوام کا ساتھ دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور انکے حقوق کی جنگ میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔