علامہ ساجد نقوی نے گلگت بلتستان میں دھرنوں کی حمایت یا لاتعلقی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا، علامہ عارف واحدی
شیعہ نیوز (راولپنڈی) شیعہ علماء کونسل نے گلگت بلتستان کے حوالے سے دھرنوں سے اعلان لاتعلقی کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیشہ خطہ کے آئینی و بنیادی حقوق کیلئے کوشاں رہے ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ جمہوری دائروں کے اندر رہتے ہوئے آئینی جدوجہد کا درس دیا، دھرنوں کی حمایت یا لاتعلقی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا، قومی اسمبلی جھنگ کے حلقہ 89 کے حوالے سے آنے والے فیصلے کی خبریں دیدہ و دانستہ غلط چلوائیں گئیں، جس کی مذمت کرتے ہیں۔ اپنے وضاحتی بیان میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہمیشہ اتحاد و وحدت اور عوام کے حقوق کی بات کی جبکہ گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی و بنیادی حقوق کیلئے گذشتہ چھ دہائیوں سے مصروف عمل ہیں، جنہیں 67 سال سے محروم رکھا گیا ہے۔
وضاحتی بیان میں سیکرٹری جنرل ایس یو سی کا کہنا تھا کہ حالیہ گندم سبسڈی کے حوالے سے ہونیوالے مظاہروں سے اظہار لاتعلقی یا حمایت کا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا، اس حوالے سے بے بنیاد خبریں شائع کرائی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر سے ہونیوالی ملاقاتوں میں عوام کے حقوق کی ترجمانی کی۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی اور آئندہ بھی جمہوری روایات کو برقرار رکھیں گے اور صحیح معنوں میں عوامی فلاح کے لئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے، کیونکہ ہم صرف زبانی جمع خرچ اور نعروں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد شائع ہونیوالی خبروں میں دیدہ و دانستہ غلطیاں کی گئیں اور جان بوجھ جج اور مشہور و معروف وکیل کے ناموں کو غلط لکھا گیا، جبکہ فیصلے کے حوالے سے بعض غلط جملے شائع کئے گئے جس کی مذمت کرتے ہیں۔