شیطانی طاقتوں سے مبارزہ کیلئے انسانوں کو تیار کیا جائے، دعوت الی اللہ ورکشاپ
شیعہ نیوز (ٹیکسیلا) امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ٹیکسلا کے زیراہتمام ایک روزہ تنظیمی و تربیتی کیمپ بعنوان ’’دعوت الی اللہ، آؤ بندگی پروردگار کی طرف‘‘ جامعۃ القائم (عجل) ٹیکسلا میں منعقد ہوا۔ تربیتی کیمپ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے اس تربیتی کیمپ سے نامور عالم دین ڈاکٹر علامہ نادر حسنین، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبرپختونخوا علامہ سبطین حسینی، علامہ مہدی رضا شیرازی، مولانا تجمل حسین اور دیگر نے خطاب کیا۔ سابق چیئرمین آئی او پاکستان کمیل عباس نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا۔ مقررین نے اس موقع پر دعوت الی اللہ کی اہمیت اور داعی کی گفتگو بارے اظہار خیال کیا، قرآن و سنت کی روشنی میں دعوت الی اللہ کی اہمیت کو واضح کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی عبودیت اختیار کرنی چاہیئے، شیطانی طاقتوں سے مقابلہ و مبارزہ کے لئے انسانوں کو تیار کیا جائے۔ مقررین نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اختلافی باتوں سے اجتناب برتتے ہوئے مشترکات کی طرف متوجہ ہونا ہوگا۔ صبر و برداشت اور تحمل کو فروغ دینا ہوگا، تاکہ ظہور امام زمانہ (عجل) کے لئے زمینہ سازی کا اہم ترین ہدف حاصل کیا جاسکے۔