سندھ حکومت کی ایما پر امریکی ایجنٹ کو تھانے میں خصوصی پروٹوکول، غیر ملکی ریسٹورنٹ کا ناشتہ پیش کیا گیا
شیعہ نیوز (کراچی) شہر قائد میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کئے گئے امریکی خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کے ایجنٹ کو پولیس حراست میں سندھ حکومت کی ایماء پر خصوصی پروٹوکول فراہم کیا گیا جبکہ ایف بی آئی کو صبح غیر ملکی ریسٹورنٹ کا ناشتہ بھی پیش کیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل یوگیون کو گزشتہ روز 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر آرٹلری تھانے منتقل کیا گیا تھا جہاں ملزم کو لاک اپ کے بجائے کمرے میں رکھا گیا۔ امریکی ایجنٹ کو پولیس کی جانب سے وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا اور صبح ہوتے ہی ملزم کے لئے غیر ملکی ریسٹورنٹ سے ناشتہ منگوایا گیا اور صبح سویرے اخبارات بھی پہنچائے گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی ایجنٹ سے پولیس کو تفتیش میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ امریکی ایجنٹ صرف انگریزی بول رہا تھا اور ہر سوال کے جواب میں یہی کہتا رہا کہ ان کی ایمبیسی سے رابطہ کریں۔ رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی ایجنٹ سے کچھ ایسے خفیہ آلات بھی ملے تھے جنہیں پاکستان میں ڈی کوڈ کرنا مشکل ہے۔ امریکی ایجنٹ کے باعث آرٹلری تھانے کی سیکیورٹی کے بھی غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے اور میڈیا سمیت شہریوں کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق گرفتار ایف بی آئی ایجنٹ کو سفارتی استثنٰی حاصل نہیں تھا، جس کے باوجود امریکی ایجنٹ کو تھانے میں وی آئی پی پروٹوکول دینا اور صبح غیر ملکی ریسٹورنٹ کا ناشتہ پیش کیا جانا پاکستانی حکمرانوں کی امریکا نوازی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔