توہینِ اہلبیت (ع) کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی کی جائے، علامہ ریاض حسین شاہ
شیعہ نیوز (لاہور) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ مودی کے وزیراعظم بننے سے خطے میں جنگی جنون بڑھے گا، مودی کی پاکستان دشمنی ڈھکی چھپی نہیں کیونکہ اس کی وزارت اعلیٰ کے دور میں گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام ہوا، مودی کے آنے سے دو قومی نظریہ پھر سے زندہ ہو گا، توہینِ اہلِ بیت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، میڈیا کے لئے ضابطۂ اخلاق طے کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جماعت اہلسنّت کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے پاکستان میں انتشار اور افراتفری پیدا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا اتحاد ہی اس سازش کو ناکام بنا سکتا ہے، قومی اداروں کی بقاء ہی ملکی ترقی کی ضامن ہے کیونکہ قومی سلامتی کے ادارے دشمن کی سازشوں کے سامنے سینہ سپر ہوتے ہیں۔