سندھ حکومت کی امریکا نوازی، ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس پر قائم اسلحہ برآمد کا مقدمہ خارج
شیعہ نیوز (کراچی) سندھ حکومت کی امریکا نوازی کے سبب کراچی ایئر پورٹ پر اسلحہ سمیت پکڑے جانے والے امریکی شہری اور ایف بی آئی ایجنٹ جوئیل کاکس پر قائم مقدمہ خارج کر دیا گیا۔ اسلحہ بر آمد کیس کی سماعت ملیر کورٹ میں ہوئی۔ جوئیل کاکس خود بھی عدالت میں سماعت کے موقع پر پیش ہوا۔ امریکی شہری جوئیل کاکس کے وکیل کا کہنا ہے کہ جوئیل کاکس خصوصی مشن پر ہے اور اسے اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے۔ عدالت میں امریکی سفارت خانے کا خصوصی خط بھی پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے امریکی سفارت خانے کا خط وزارت داخلہ سے تصدیق کرانے کا حکم دیا جہاں محکمہ داخلہ سندھ نے امریکی سفارت خانے کے خط کی توثیق کر دی جس کے بعد عدالت نے شواہد نہ ہونے کے باعث مقدمہ خارج کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ امریکی ایف بی آئی ایجنٹ کو پانچ مئی کو کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے ایئر پورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ جوئیل کاکس کے سامان سے نائن ایم ایم پستول کا ایک میگزین اور پندرہ گولیاں برآمد ہوئی تھیں، اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ گرفتار کیا گیا امریکی شہری سفارتکار نہیں، ایف بی آئی ایجنٹ ہے، جسے سفارتی استثنا حاصل نہیں، دوسری جانب امریکی حکام نے تصدیق کی تھی کہ گرفتار کیا جانے والا جوئیل کاکس نامی امریکی شخص ایف بی آئی کا ایجنٹ ہے، اس کی تعیناتی امریکی ریاست میامی کے فیلڈ آفس سے کی گئی تھی۔ اسے پاکستانی پولیس کی تربیت کے لئے 3 ماہ کے لیے بھیجا گیا تھا۔ ایف بی آئی ایجنٹ کے معاملے کے حل کیلئے سندھ حکومت کی امریکا نوازی نے سب سے اہل کردار ادا کیا۔