پاکستانی شیعہ خبریں

آئی ایس او کے یوم تاسیس پر کراچی میں تقریب کا انعقاد، کارکنان اور سینئر افراد کی شرکت

شیعہ نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 42 واں یوم تاسیس یوم تجدید عہد کے عنوان سے منایا گیا۔ کراچی میں مرکزی تقریب کا انعقاد علامہ رشید ترابی پارک انچولی میں کیا گیا جس میں شہر بھر سے آئی ایس او کے کارکنان و سینئر افراد نے شرکت کی۔ محفل مذاکرہ سے آئی ایس او کراچی کے رکن نظارت پروفیسر باقر شمیم نقوی، علامہ علی افضال رضوی، سابق ڈویژنل صدر فرخ سجاد، نثار عابدی، مرکزی صدر اطہر عمران اور ڈویژنل صدر آل علی رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر اطہر عمران کا کہنا تھا کہ آج ہم اس بیالیسویں یوم تاسیس پر ان افراد سے تجدید عہد کر رہے ہیں کہ جنہوں نے 1972ء میں اس تنظیم کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم اس ملک و ملت کے ہر جوان کو دینی اور دنیاوی تعلیم سے آراستہ کریں۔ سابق ڈویژنل صدر برادر نثار عابدی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او وہ واحد تنظیم ہے کہ جس کی اساس کو کوئی طوفان بھی نہیں ہلا سکا، پاکستان میں جتنی بھی تنظیمیں بنی ہیں ان سب میں آئی ایس او کے سابقین کا کردار نمایاں نظر آتا ہے۔

علامہ علی افضال رضوی کا کہنا تھا کہ اس تنظیم کو امام زمانہؑ کی سرپرستی حاصل ہے، ہم نے ان بیالیس سالوں میں اپنے بہتریں فرائض انجام دئیے ہیں۔ رکن نظارت پروفیسر باقر نقوی کا کہنا تھا کہ آج ہمیں ان شہداء سے بھی تجدید عہد کرنا ہے کہ جنہوں نے اس تنظیم کو اپنا خون دے کر پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی، شہید راجہ اقبال، شہید تنصیر حیدر، شہید سعید حیدر نے جس طرح اپنی جانوں کا نذانہ دیا اس کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے یونٹس کو انعامات دئیے گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button