آپریشن کا دائرہ وسیع کرکے ملک بھر سے دہشتگردوں کا صفایا کیا جائے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ
شیعہ نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان میں آپریشن ضرب عضب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا دائرہ وسیع کرکے پورے ملک میں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا ملک بھر میں پیچھا کرکے اُن کو انجام تک پہنچایا جائے۔ تاکہ اُن کو یہ موقع نہ مل سکے کہ وہ پھر منظم ہو کر معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیل سکے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ساٹھ، ستر ہزار معصوم پاکستانیوں کے قاتلوں سے قصاص لیا جائے کیونکہ شہداء کے خانوادوں کی بھی یہی خواہش ہے کہ اُن کے عزیزوں کے خون کا بدلہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اصولی موقف کی آج پورے پاکستان میں اکثر سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے تائید کی جا رہی ہے۔ بعض عناصر جو کل تک اس موقف کی مخالفت کر رہے تھے آج ہوا کے رخ کو دیکھ اپنے موقف سے انحراف کرکے آپریشن کے حق میں بیان جاری کر رہے ہیں جو اُن کی سیاسی بلاغت کی نشانی ہے۔ بیان میں پنجاب حکومت کی طرف سے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں پر کئے جانے والے بدترین ظلم و ستم کو غیر انسانی اور غیر جمہوری اقدام قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی گئی۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں خواتین اور عوام پر اس طرح سے لاٹھی چارج اور گولیاں نہیں برسائی جاتی لیکن ہمارے حکمران اقدار کے نشے میں اتنے غرق ہو گئے ہیں کہ انہیں عوام کی جان کی کوئی فکر نہیں۔ عوام کو بدترین ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جو انتہائی شرمناک ہے۔