عراق میں جاری بد امنی میں تکفیری گروہ اور صیہونی طاقتیں ملوث ہیں :آئی ایس او
شیعہ نیوز (کراچی) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے یوم دفاع مقامات مقدسہ منا یا گیا ، کراچی بھر میں نماز جمعہ کے بعد ہزاروں افراد نے مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لئے منعقدہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ۔احتجاجی مظاہرے ملیر، عباس ٹاؤن ، کھارادر ، مارٹن روڈ، فیڈرل بی ایریا ، اسٹیل ٹاؤ ن اور نارتھ کراچی میں منعقد ہوئے۔ احتجاجی مظاہروں سے علامہ ذوالفقار جعفری، احسن عباس، علامہ علی انور جعفری ،دانش رضا، آئی ایس اوکراچی ڈویژن کے صدر علی رضوی ، جنرل سیکریٹری غیور عابدی اور نائب صدر عباس نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر مقرریں کا کہنا تھا کہ عراق میں جاری حالی بدامنی میں وہی تکفیری اور صیہونی عناصر ملوث کہ جنہوں نے شام میں انتشار پھیلایا تھا ۔ علامہ ذوالفقار جعفری کا کہنا تھا کہ آج پھر صیہونی طاقتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کر رہی ہیں ۔ مسلمان ممالک کو چاہئیے کہ وہ کہ وہ آپسی اختلافات کو بھلا کر ان تکفیری اور صہیونی قوتوں کا مقابلہ کریں ۔ علامہ علی انور جعفری کا کہنا تھا کہ عراق میں شیعہ اور سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ، عراقی عوام آپس میں متحد ہو کر تکفیری عناصر سے بر سرپیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور استعمار اس صورت حال کو شیعہ سنی مسئلہ ظاہر کر رہا ہے جو کے بالکل غلط ہے۔ آئی ایس او کراچی کے صدر علی رضوی کا کہنا تھا کہ ہم عراق کی صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ، عراق میں اہل بیت ؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کی بے حرمتی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تکفیر ی عناصر دنیا بھر میں اپنا نفوس بڑھا رہے ہیں ایسے میں مسلمانان عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو مضبوط کر یں اور ان خارجی اور تکفیری عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔ اپنےخطاب میں آئی ایس او کراچی کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شیعہ مومنین عراق میں اہل بیت ؑ اور صحابہ کرام ؓ کے مزارات کے دفاع کے لئے تیار ہیں جب بھی مرجعیت نے آواز دی پاکستانی شیعہ سب سے پہلے لبیک کہتے ہوئے عراق کی جانب روانہ ہوں گے ۔ مظاہروں میں شریک افراد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لبیک یاحسینؑ ، حاضر ہیں یا حسین ؑ کے نعرے درج تھے ۔