شیعہ علماء کونسل کا علامہ ساجد نقوی کو فل پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ
شیعہ نیوز (نیوز ڈیسک) حوزہ علمیہ امام حسن مجتبیٰ (ع) کے پرنسپل علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کہا ہے کہ علامہ ساجد علی نقوی کی حفاظت اور انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت داخلہ کی جانب سے علامہ ساجد علی نقوی کو بھیجے گئے مراسلے کے جواب میں کیا۔ مراسلے میں کہا گیا تھا کہ علامہ ساجد علی نقوی کو دہشت گردی کے خطرات لاحق ہیں۔ سید اشتیاق کاظمی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے خطرات اور ممکنہ دہشت گردانہ حملے سے آگاہ کرنا گرچہ حکومت کا اچھا اقدام ہے، مگر یہ کافی نہیں ہے۔ قائد ملت جعفریہ کی حفاظت اور انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطرات کے پیش نظر علامہ ساجد نقوی کو اپنی فعالیات محدود کرنے کی ہدایت دہشت گردوں کے سامنے حکومت کا اعلان بے بسی ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے یہ کہنا کہ ہم کسی حادثہ کے ذمہ دار نہ ہوں گے، انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان ہے۔ ہم حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ شیعہ علماء کونسل کے قائد علامہ ساجد علی نقوی کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔