پاکستانی شیعہ خبریں

داعش کا اسلام مسلمانوں کا اسلام نہیں بلکہ عالمی صہیونی سازش کا حصہ ہے، علامہ عباس کمیلی

شیعہ نیوز (کراچی) جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی کاکہنا ہے کہ عراق پر ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت داعش نامی تکفیری دہشت گرد ٹولے سے حملہ کروایا گیا ہے اور وہاں کے معصوم انسانوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے، ان کاکہنا تھا کہ داعش اور ان جیسے دیگر دہشت گرد گروہوں کا انجام ہم نے شام میں ہونے والی تین سالہ لڑائی میں اچھی طرح دیکھا ہے اور امید ہے کہ عراق میں بھی ان دہشت گردوں کا انجام شام سے زیادہ بھیانک ہو گا، ان کاکہنا تھا کہ دنیا میں اسلام مخالف قوتیں اسلامی تاریخ اور شعائر اسلام کو منہدم کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں ، اور اسی کا ایک شاخسانہ ہم ماضی میں بھی جنت البقیع کے انہدام کی صورت میں دیکھ چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں علامہ عباس کمیلی کاکہنا تھا کہ شام میں ہم نے دیکھا ہے کہ کس طرح انہیں داعش اور القاعدہ کے تکفیری دہشت گردوں نے اولیاء اللہ اور رسول گرامی قدر حضرت محمد(ص) کے جلیل القدر صحابہ کرام (رضوان اللہ علہیا) کے مزارات مقدس کو توہین اور دہشت گردی کا نشانہ بنایا ہے، حتیٰ کہ کچھ اصحاب کے جسد خاکی تک کو نکال کر ان کی بے حرمتی کی گئی ہے۔

جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی نے عراق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی حال ہی میں ایسی خبریں شائع ہوئی ہیں جن میں انبیائے الہی تک کے مزارات مقدس اور قبور ہائے مبارکہ کو توڑتے ہوئے اور منہدم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ان کاکہنا تھا کہ یہ مسلمانوں کا اسلام نہیں ہے بلکہ یہ عالمی صیہونی سازشیں ہیں کہ جنہوں نے پہلے قبلہ اول بیت المقدس پر غاصبانہ تسلط قائم کیا اور اب رفتہ رفتہ وہ اسلام کے دیگر مقدسات کی طرف اپنی ناپاک نگاہیں اٹھا رہے ہیں۔

علامہ عباس کمیلی کاکہنا تھا کہ پوری امت مسلمہ کو متحد ہو کر اس خطر ناک فتنے کا مقابلہ کرنا چاہئیے ، یہ لوگ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کی تاریخ کو مسخ کر رہے ہیں، اسلام کے خوبصورت اور نور پرور چہرے کو اپنے سیاہ اور بد کرتوتوں کے ذریعے بدنام اور مسخ کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں،ا نہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ شام میں اور عراق میں موجود یہ تکفیری دہشت گرد ٹولے جو انسانوں کا قتل کرنے کے بعد انسانوں کے کلیجے تک نکال کر چبا جاتے ہیں یہ اسلام دشمنوں کی کھلی نشانیوں میں سے ایک ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ شام کے انتخابات میں واضح ہو گیا ہے کہ شام کے عوا م کس کے ساتھ ہیں اور عالمی سطح پر کیا جانے والا پراپیگنڈا کسی حد تک دم توڑ رہا ہے لیکن دشمن اب بھی عرب اور مسلم ریاستوں کے خلاف ساز باز میں مصروف ہے۔

علامہ عباس کمیلی کا مزید کہنا تھا کہ شام اور عراق کے مقدس مقامات کی حفاظت کرنا ہمارے عقیدے اور ایمان کا حصہ ہے او ر ہم کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ آئے اور اسلام کے مقدس مقامات او شعائر اللہ کو نقصان پہنچائے اس حوالے سے انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ عراق سمیت شام میں مقدس مقامات کی حفاظت کے لئے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button