سانحہ عباس ٹاون کے متاثرین میں فلیٹس کی چابیاں تقسیم کردی گئیں
شیعہ نیوز (کراچی) سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین میں فلیٹس کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب رونمائی ہفتہ کے روز اقراء سٹی فلٹس کے سامنے عباس ٹاون میں منعقد کی گئی۔ کراچی میں موجود شیعہ نیوز کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس بم دھماکے کے نتیجہ میں تباہ ہوجانے والے فلیٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہوجانے کے بعد 6 رمضان المبارک بروز ہفتہ کو فلیٹس کی چابیاں متاثرین میں تقیسم کرنے کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں صدارت معروف ذاکر اہلیبت علامہ طالب جوہری نے کی جبکہ مرکزی تنظیم عزا کے ایس ایم نقی، جعفریہ الائنس کے رہنماء علامہ عباس کمیلی ، علامہ فرقان عابدی،شیعہ یوتھ اور قیام کے سربراہ ثمر عباس سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔
سانحہ عباس ٹاؤن
مارچ 2013 کے دن عباس ٹاؤن کے علاقے میں ہونے والے ایک خطرناک بم دھماکے نے علاقے کے لوگوں کو خوفزدہ کردیا تھا۔ جب ہوش آیا تو ہر طرف شام غریباں کے مناظر دیکھائی دے رہے تھے۔ وہ فلیٹس جو کبھی آباد تھے اب تباہ حال نظر آرہے تھے۔ ان گھروں میں بسنے والے افراد بھی موت کی نیند خاموشی سے سو گئے تھے۔ اس سانحہ میں 50 سے زائد افراد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جانوں کے ساتھ ساتھ مالی نقصان بھی بھی ہوا لوگوں کے گھر مال و اسباب اس سانحہ میں تباہ ہوگئے تھے۔
فلٹیس کی تعمیر
سانحہ کے بعد حکومتی اعلان کے نتیجے میں متاثرین کے فلیٹس کی تعمیر کا عمل شروع ہوا،جسیے دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق 3 مارچ 2014 تک مکمل ہوجانا تھا لیکن چند وجوہات کی بنا وقت مقررہ پر یہ ٌپروجیکٹ تعمیر نہ ہوسکا۔ تاہم 5 جولائی بمطابق 6 رمضان المبارک کو ان فلیٹس کو انکے ورثہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ فلیٹس کی چابیاں خود علامہ طالب جوہری نے اپنے یاتھوں سے متاثرین کے سپرد کیں۔ اس موقع پر متاثرین کے چہروں پر خوشی کے اثرات نمایاں تھے۔